پٹھان کوٹ 12/ اگست (ایس او نیوز؍ایجنسی) ہماچل پردیش کے کانگڑا ضلع میں جمعرات دوپہر بھاری بارش اور پانی کے تیز بہاؤ کی وجہ سے 44 سال پرانا ایک پل بہہ گیا۔ حادثے کے وقت موقع پر موجود لوگوں نے موبائل فون سے پل گرنے کی ویڈیو بنائی ہے جس میں 160 میٹر طویل اس پل کے بڑے حصے پانی کی تیز کنارے میں بہتے دکھائی دے رہے ہیں. جائے حادثہ پر موجود حکام نے بتایا کہ اس حادثے میں پل کے 10 ستون اور 76 میٹر کا حصہ پانی میں بہہ گیا.
یہ پل ہماچل پردیش کے نورپور تحصیل کو پڑوسی ریاست پنجاب سے جوڑنے والے اہم راستہ پر بنا یا گیا تھا اور اس پر گاڑیوں کی بھاری نقل و حرکت رہا کرتی ہے. تاہم انتظامیہ کی مستعدی کی وجہ سے اس حادثے میں کسی بھی طرح کے جان مال کا نقصان نہیں ہوا. دراصل بدھ کو ہی پل کے ستونوں میں دراڑ پڑ گئی تھی، جس کے بعد انتظامیہ نے مستعدی سے کام لیتے ہوئے اس بریج پرٹریفک روک دیا تھا.
واضح رہے کہ 10 دن پہلے مہاراشٹرا میں ممبئی گوا ہائی وے پر بنا ایک برطانوی سامراج کا تعمیر کردہ پل بھی تیز بارش کی وجہ سے ایسے ہی گر گیا تھا. اس حادثے کی وجہ سے بہت سے بسیں دریا میں بہہ گئی تھی. مہاراشٹرا میں بریج گرنے سے اب تک 28 افراد کی لاشیں برآمد کی جاچکی ہیں جبکہ 16 افراد اب بھی لاپتہ ہے.